مہر خبررساں ایجنسی نے رشیا ٹو ڈے کے حوالے سے بتایا ہے کہ جزیرہ نما کریمیا کے گورنر "سرگئی اکسینوف" نے اعلان کیا ہے کہ ایک دھماکے کی غیر مصدقہ اطلاعات کے باعث کریمیا کے پل پر گاڑیوں کا گزرنا بند کردیا گیا ہے۔
کریمین پل جزیرہ نما کریمیا کو جوڑتا ہے، جسے 2014 میں ایک ریفرنڈم کے ذریعے روس کے ساتھ الحاق کیا گیا تھا۔ گذشتہ موسم خزاں میں یوکرین کی فوج نے اس پل کو دھماکے سے اڑا دیا تھا۔کریمیا کے گورنر نے لوگوں سے پل کے قریب نہ آنے کو کہا۔
ٹاس نیوز ایجنسی نے روسی وزارت ٹرانسپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پل کے عرشے کو نقصان پہنچا ہے لیکن اس کے ستون سالم برقرار ہیں۔ یاد رہے کہ چند گھنٹے پہلے، روسی ٹیلیگرام چینلز نے کریمیا کے پل پر ایک دھماکے کی اطلاع دی تھی۔
کچھ لوگوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس دھماکے میں دو افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوا ہے۔
واضح رہے کہ فروری 2014 کی بغاوت کے دوران یوکرین کے صدر وکٹر یانوکووچ کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا اور اس کے بعد کریمیا اور مشرقی یوکرین میں عوامی احتجاج کی لہر دوڑ گئی تھی۔ اسی سال 11 مارچ کو کریمیا کی سپریم کونسل اور سیواستوپول کی سٹی کونسل نے ان علاقوں کی آزادی کے اعلان کی منظوری دی۔ اس کے بعد 15 مارچ 2014 کو جزیرہ نما کریمیا میں ریفرنڈم کرایا گیا اور روس کے ساتھ دوبارہ الحاق کے معاملے پر ووٹنگ کرائی گئی جس میں ووٹروں کی اکثریت نے اس مسئلے پر اپنے اتفاق کا اعلان کیا۔
آپ کا تبصرہ